حید ر آ باد 9 مارچ ( ایجنسیز) حکومت تلنگانہ لڑکیوں کی تعلیم حفاظت فلاح و بہبود و ترقی کے عہد کی پابند ہے ۔ رکن پارلیمنٹ مسز کے کویتا نے آج تلنگانہ بھون میں منعقدہ عالمی یوم خواتین تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت خواتین کو خود مختار بنانے کے معاملہ میں سنجیدہ ہے اس مسئلہ پر کوئی مفاہمت نہیں کی جائیگی ۔ مسز کویتا نے بتایا کہ خواتین کو 33 فیصد تحفظات پر موثر عمل آوری کے معاملہ میں بھی ٹی آر ایس حکومت سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر اپنے خطاب کے دوران کہاکہ ریاست تلنگانہ میں خواتین کی ترقی کے لئے حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات اطمینان
بخش ہیں ۔ چونکہ ریاست میں خواتین کے خلاف جرائم کی تعداد میں کافی کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے ۔ مسز کے کویتا نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے خواتین کی ترقی کے لئے اقدامات اپنی جگہ ہیں لیکن معاشرتی سوچ بھی تبدیل کئے جانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ خواتین کی خود مختاری کے لئے ان میں موجود صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کیا جائے اور حکومت تلنگانہ اس کے لئے خواتین کو علحدہ پلیٹ فارم فراہم کرر ہی ہے ۔ مسز پدما دیویندر ریڈی ڈپٹی اسپیکر تلنگانہ اسمبلی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو ان کا جائز مقام فراہم کرنے کے لئے یہ ضروری ہے کہ انہیں خود مختار بنانے کے ساتھ ساتھ دفتری و دیگر امور میں انہیں مساوی درجہ فراہم کیا جائیگا ۔